خطرناک سموگ ، نئی دہلی میں بھی سکول بند کرنے کا اعلان
نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) پاکستان کے بعد سموگ سے بھارت میں بھی معمولات زندگی متاثر ، دہلی میں بھی سکول بند کر دیے گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق موسمِ سرما میں فضائی آلودگی کی عالمی درجہ بندی میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی لاہور کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور اسی وجہ سے حکومت نے سکولوں کے بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سموگ کی وجہ سے دہلی حکومت نے تمام سرکاری و پرائیوٹ پرائمری سکولوں میں اگلے نوٹس تک آن لائن کلاسز کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ آتشی مرلینا سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح کی وجہ سے دہلی کے تمام پرائمری سکولز اگلی ہدایات تک آن لائن کلاسز میں منتقل کر دیے جائیں گے۔
دوسری جانب بھارت میں شدید سموگ نے تاج محل اور دیگر سیاحتی مقامات کو بھی دھندلا دیا ہے۔
ماحولیات کی عالمی ویب سائٹ کےمطابق آج بھی نئی دہلی میں فضائی معیار مجموعی طور پر 332 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ فیصلہ سنایا تھا کہ صاف ہوا ایک بنیادی انسانی حق ہے، سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور ریاستی سطح کے حکام کو سموگ کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئےاقدامات کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا ۔