پنجاب میں دھند اورسموگ کا راج ، لاہور آج بھی آلودہ شہروں میں دوسرے نمبرپر
لاہور : (دنیانیوز) لاہور صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سموگ اور دھند میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم فضا بدستور مضر صحت ہے ، آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج بھی دنیا بھر کے شہروں میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس 358 ریکارڈ کیا گیا تھاجو اب کم ہوکر 212 ہوگیا ہے ، شہر کے مختلف علاقوں ڈی ایچ اے میں اے کیو آئی 523، سید مراتب علی روڈ کا انڈیکس 463 تک پہنچ گیا، اسی طرح ویلنشیا ٹاؤن کے علاقے کا ائیر کوالٹی انڈیکس 461 اور غازی روڈ انٹرچینج کا ائیر کوالٹی انڈیکس 427 ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد اور پشاور میں بارش کے بعد سموگ میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے اور محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی تھی جو کہ درست ثابت نہ ہوسکی ، تاہم ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 248 سے کم ہوکر 208 ہوگیا ہے ، فیصل آبادمیں 260 سے 300 اور راولپنڈی 172 ریکارڈ کیا گیا ۔
بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث گرین لاک ڈاؤن کا دائرہ کار بھی وسیع کر دیا گیا، سموگ کے باعث لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز بند رہیں گے، یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کردیا گیا، مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے۔
سموگ اور دھند سےحدِنگاہ متاثر، بند موٹرویزکھول دی گئیں
دوسری جانب سموگ اور دھند کے باعث گزشتہ رات دس بجے موٹروے کو بھی مختلف مقامات سے بند کردیا گیا تھا تاہم حدنگاہ میں بہتری آنے کے بعد موٹرویز کو کھول دیا گیا ہے۔
موٹروے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند اور سموگ کے باعث بند کی گئی تھی ، موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ تک جبکہ موٹروےایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک کو کھول دیا گیا ہے ۔
موٹروے ایم 5ملتان سے سکھر تک کھول دی سئی جبکہ قومی شاہراہ ملتان روڈ پر لاہور، مانگامنڈی اور پتوکی می، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال،چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں دھند ہے۔
موٹروے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے کو مسافروں کی حفاظت کیلئے بند کیا گیاتھا ، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔