فیصل آباد: مبینہ پولیس مقابلے میں زیر حراست 4 ملزمان ہلاک

فیصل آباد: (دنیا نیوز) تھانہ نشاط آباد کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں فائرنگ کے دوران زیر حراست چار ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ نشاط آباد کے علاقے میں زیرحراست ملزمان کو چھڑوانے کیلئے انکے مسلح ساتھیوں نے پولیس وین پر فائرنگ کردی، پولیس ملزمان کو سامان کی ریکوری کیلئے اچکیرہ لیجا رہی تھی۔

ملزمان کی فائرنگ سے انکے اپنے ہی زیرحراست چار ساتھی ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت اسلام، زاہد، قاسم اور نوید کے نام سے ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہوئے والے ملزمان ڈکیتی، چوری، راہزنی سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں ملوث تھے، فائرنگ کرنے والے ملزمان موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے لاشیں قبضہ میں لیکر ہسپتال منتقل کردیں جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش بھی شروع کردی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں