انٹرنیٹ پرووائیڈرز کا وی پی اینز کی بندش کے حکومتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار
اسلام آباد: (حریم جدون) انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن نے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی بندش کے حکومتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن نے متوازن پالیسی کا مطالبہ کر دیا۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وی پی اینز کا استعمال پرائیویسی، محفوظ مواصلات اور آن لائن رسائی کیلئے اہم ہے، حکومت ایسی ریگولیٹری پالیسی بنائے جو معیشت اور ڈیجیٹل ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے، وی پی اینز کے غلط استعمال کو روکیں لیکن صارفین کے لیے رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ آئی ٹی برآمدات، مالی لین دین اور تحقیقی کام کے لیے وی پی اینز کے استعمال میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے، پابندیاں معیشت کے لیے اہم شعبوں اور ڈیجیٹل ترقی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، ایسوسی ایشن قومی قوانین کے تحت ذمہ دار ٹیکنالوجی کے استعمال کی حمایت کرتی ہے۔
انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ وی پی اینز کے حوالے سے ایک منصفانہ ریگولیٹری طریقہ کار اپنایا جانا چاہیے، وی پی اینز کے بارے میں سخت پالیسی قانون کی پابندی کرنے والے صارفین کو متاثر کرسکتی ہے، سولیرٹی خدشات کے حل کیلئے ریگولیٹر، سروس فراہم کنندگان اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون ضروری ہے، ڈیجیٹل آزادیوں، علم کے تبادلے اور تجارت کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے۔