دہشتگردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن ہونے جا رہا ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ :(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرنے جارہے ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو قتل کرنے والوں کے خلاف آپریشن کے سوا کوئی آپشن نہیں، 10سالہ مصور خان کے اغوا پر افسوس ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتیں دہشتگردی کے خلاف حل بتائیں، کیونکہ کوئی بھی حکومت ہو وہ یہ نہیں چاہے گی کہ یہاں سے بچے اغوا ہوں، بچوں کو اغوا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ جب تک موقع ہے بلوچستان کے عوام کی خدمت کروں گا، انہوں نے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی نے بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کے خلاف فوجی آپریشن کی منظوری دی تھی۔