رینجرز اہلکاروں کو کچلنے کا واقعہ: ڈیوٹی پر مامور جوانوں کے چشم کشا بیانات منظر عام پر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہید رینجرز اہلکاروں پر شر پسندوں کی جانب سے گاڑی سے کچلنے پر، ڈیوٹی پر مامور جوانوں کے چشم کشا بیانات منظر عام پر آگئے۔
گزشتہ رات افسوسناک واقعے میں سیاسی شر پسندوں نےرینجرز اہلکاروں کو تیز رفتار گاڑی سے کچل ڈالا تھا اس حوالے سے ڈیوٹی پر مامور رینجرز کے جوانوں کے اہم بیانات سامنےآ گئے۔
اسلام آباد میں ڈیوٹی پر ما مور رینجرز کے اہلکار کے مطابق " رات دوسے تین بجے کا ٹائم تھا جب میں جی ٹین (G-10) میں ڈیوٹی سر انجام دے رہا تھا "، دھرنے والی سائیڈ سے ایک تیز رفتار گاڑی آئی جو رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو مار کر آگے نکل گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، 4 اہلکار شہید
رینجرز اہلکار نے بتایا کہ اس واقعے میں ہمارے تین جوان شہید اور تین زخمی جبکہ اسلام آباد پولیس کے بھی تین اہلکار زخمی ہو گئے۔
ڈیوٹی پر مامور رینجرز کے ایک اور اہلکار کے مطابق "ہم جی ٹین اسلام آباد میں پولیس کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے"، دھرنے والے مقام سے ایک تیز رفتار گاڑی آئی جس نے ہمارے ساتھیوں کو کچل ڈالا۔
رینجرز اہلکار نے بتایا کہ گاڑی کی لائٹس بھی بند تھیں، جس نے ہمارے جوانوں کو سیدھا نشانہ بنایا، اس واقعہ میں ہمارے تین جوان شہید اور تین زخمی جبکہ پولیس کے بھی تین جوان زخمی ہوئے، تیز رفتار گاڑی ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو کچلتے ہوئے تیزی سے آگے نکل گئی۔
یہ بھی پڑھیں: رینجرز اہلکاروں پرشرپسندوں کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا میں اس سلسلے میں گمراہ کن پروپیگنڈا کر کے حقائق کو چھپانے کی مذموم کوشش کی گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور رینجرز اہلکاروں کے بیانات آنے کے بعد جھوٹ اور فیک نیوز پھیلانے والے عناصر بے نقاب ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، واقعے میں ملوث شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔