بیلاروس اور پاکستان کے درمیان 15 اہم معاہدوں، اور مفاہمت ناموں پر دستخط

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بیلا روس کے صدر لوکاشینکو کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 15 اہم معاہدوں اور مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان اور بیلاروس کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 27-2025 کے لیے جامع تعاون کے روڈ میپ پر بھی دستخط کئے گئے، روڈ میپ مختلف اقدامات کے ذریعے دو طرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق روڈ میپ کے تحت بین الحکومتی کمیشنوں اور اعلیٰ سطح ملاقاتوں اور باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

دونوں ممالک کے اعلامیہ کے مطابق ای کامرس ، سائنس اور ٹیکنالوجی، ایکریڈیٹیشن کے شعبے میں تعاون کیا جائے گا، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق مالیاتی انٹیلی جنس کے تبادلے میں تعاون پر بھی دستخط کئے گئے۔

اعلامیہ کے مطابق دوطرفہ تجارت کے کسٹمز کے اعداد و شمار کے تبادلہ پر بھی دستخط کئے گئے، بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے میدان میں تعاون پر بھی دستخط کئے گئے۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ، پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے میں تعاون پر بھی دستخط ہوئے، صحت کی خدمات، حلال تجارت اور آڈیٹنگ کے شعبے میں تعاون بھی شامل ہے۔

سیاسی مذاکرات کو آگے بڑھانے اور بین الپارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا، فریقین نے زراعت، صنعت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے قیام کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فریقین نے گاڑیوں کی فروخت، مینوفیکچرنگ اور سروسنگ میں بھی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں