لبنان کا شام کے سابق حکام کی گرفتاریوں کیلئے انٹرپول سے تعاون کرنے کا اعلان

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان نے شام کے سابق حکام کی گرفتاریوں کیلئے انٹرپول سے تعاون کرنے کا اعلان کر دیا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی کا یہ بیان انٹر پول کی طرف سے شام کے ایک سابق انٹیلی جنس افسر جمیل حسن کی گرفتاری کے لئے تعاون کی درخواست کے بعد سامنے آیا ہے۔

جمیل حسن پر امریکا کی طرف سے الزام لگایا گیا ہے کہ وہ بشار الاسد حکومت کی طرف سے جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے، گزشتہ ہفتے لبنان کو انٹر پول کی طرف سے ایک باضابطہ نوٹس موصول ہوا تھا جس میں انٹر پول نے لبنان کی عدالت و سکیورٹی سے متعلق حکام سے کہا تھا کہ اگر وہ جمیل حسن کو لبنان کی سرزمین پر دیکھیں تو اسے گرفتار کریں۔

میڈیا ذرائع کاکہنا ہے کہ جمیل حسن کی لبنان میں موجودگی کی صورت میں اسے گرفتار کر کے انٹرپول کے توسط سے امریکا کے حوالے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ امریکا نے 9دسمبر کو 72 سالہ جمیل حسن پر فرد جرم عائد کی ہے کہ وہ شام کی خانہ جنگی کے دوران جنگی جرائم میں ملوث رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں