پوپ فرانسس کا یوکرین تنازع سفارتکاری سے حل کرنے پر زور
سینٹ پیٹرز: (دنیا نیوز) پوپ فرانسس نے یوکرین تنازع سفارکاری سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کیتھولک مسیحی فرقے کے عالمی سربراہ پوپ فرانسس نے گزشتہ روز اپیل کی ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتکاری کو بروئے کار لایا جائے، یہ جنگ فروری 2022 سے جاری ہے، جس میں ہزاروں لوگ مارے جا چکے ہیں، جنگ میں امریکہ اور اس کے مغربی اتحادی پوری طرح یوکرین کی مدد کر رہے ہیں۔
پوپ فرانسس کی طرف سے یہ اپیل کرسمس کے موقع پر اپنے خطاب میں کی گئی ہے، اس موقع پر انہوں نے یوکرین کے معاملے کا براہ راست ذکر کیا اور کہا کہ اسے بڑی جرات کے ساتھ طے کرنے کے لئے سفارتی راستہ اختیار کرنا چاہئے۔
پوپ فرانسس نے سینٹ پیٹرز بسیلیکا کی وسطی بالکونی سے ہزاروں مسیحیوں سے خطاب کرتے ہوئے اسلحے کی گھن گھرج کو یوکرین کی حد تک خاموش کرنے کی بات کی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے منصفانہ اور پائیدار امن کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔