پی ایس ایل ڈرافٹ: دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں کو کوئی خریدار نہ ملا

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے ڈرافٹ مکمل ہو گئے ہیں، تمام 6 فرنچائزز نے سٹارز پر مشتمل اپنے سکواڈ مکمل کر لیے مگر دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں کو کوئی خریدار نہ ملا۔

پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد، نیوزی لینڈ کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی، آسٹریلیا کے عثمان خواجہ، انگلینڈ کے جیسن رائے اور ایلکس ہیلز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے پلیئرز ڈرافٹ میں کسی نے منتخب نہ کیا۔

پی ایس ایل کے آغاز سے ہی سرفراز احمد سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے وابستہ تھے اور کوئٹہ سرفراز ہی کی کپتانی میں چیمپئن بھی بنا تھا، جنہوں نے حال ہی میں اپنی ٹیم کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

سرفراز کو ریلیز کیے جانے کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ گلیڈی ایٹرز پلیئر ڈرافٹ میں وکٹ کیپر بلے باز کو منتخب کریں گے تاہم سرفراز کے کوئٹہ سے علیحدگی کے اعلان کے بعد قیاس آرائیاں دم توڑ گئی تھیں۔

بعدازاں کرکٹ شائقین نے قیاس آرائیاں شروع کیں کہ سرفراز کو ان کے آبائی شہر کی ٹیم یعنی کراچی کنگز پی ایس ایل 10 کے پلیئرز ڈرافٹ میں منتخب کرے گی تاہم ذرائع نے انکشاف تھا کہ سابق گلیڈی ایٹر کپتان ان کے پلان میں نہیں ہیں۔

ان دو ٹیموں کے بعد سرفراز احمد کو دیگر چار ٹیموں نے بھی نظر انداز کیا اور اس طرح پلیئرز ڈرافٹ میں ان کا انتخاب نہیں کیا گیا۔

سابق پاکستانی کپتان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے سٹار فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی کو بھی منتخب نہیں کیا گیا کیونکہ 6 فرنچائزز میں سے کسی نے بھی تجربہ کار پیسر میں دلچسپی نہیں دکھائی۔

مزید برآں پاکستان کے دائیں ہاتھ کے ابھرتے ہوئے تیز گیند باز احسان اللہ جنہوں نے پی ایس ایل 2023 کے دوران شہرت پائی اور ملتان سلطانز کےلیے ایک ایونٹ میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں انہیں بھی کسی ٹیم نے اپنے سکواڈ میں جگہ نہ دی۔

لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور بنانے کا ریکارڈ رکھنے والے انگلینڈ کے ہارڈ ہٹنگ اوپنر جیسن رائے، ہم وطن ایلکس ہیلز، افغانستان کے مجیب الرحمان اور بنگلادیش کے شکیب الحسن بھی فرنچائزز کو متاثر نہ کر سکے۔

پی ایس ایل 10 کے پلیئر ڈرافٹ میں غیر منتخب دیگر اہم کھلاڑیوں میں ایشٹن اگر، کرس لین، کوپر کونولی، ڈینیئل سامس، جیسن بہرینڈروف، مارک سٹیکیٹی، موئزس ہینرکس، عثمان خواجہ، ولیم سدرلینڈ، مستفیض الرحمان، جو کلارک، لوری ایونز، ٹائمل ملز، جمی نیشم، عمران طاہر، ریزا ہینڈرکس، تبریز شمسی، چرتھ اسالنکا، جمی نیشم اور ایون لیوس شامل ہیں۔

مقامی کھلاڑیوں کی بھی ایک لمبی فہرست ہے جو کسی بھی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے، اس فہرست میں صاحبزادہ فرحان، عمر اکمل، امام الحق، محمد عباس، مرزا طاہر بیگ، موسیٰ خان، قاسم اکرم، روحیل نذیر، خرم منظور، نعمان علی، عامر یامین، ارشد اقبال، احسان اللہ، حارث سہیل، عمر امین، سعد نسیم، ساجد خان، شاہنواز دہانی، شرجیل خان، صہیب مقصود، عثمان قادر، یاسر شاہ، احسن علی، بلال آصف، عماد بٹ، سمین گل، ذیشان اشرف، بسم اللہ خان، کاشف بھٹی، سیف اللہ بنگش، عمران رندھاوا، اور رمیز عزیز ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں