انڈر23 سکواش چیمپئن شپ: حمزہ خان کا سفر تمام، نور زمان سیمی فائنل میں پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نور زمان پہلی عالمی انڈر-23 سکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی اے کریک کلب پر جاری 60 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی 6 روزہ چیمپئن شپ کے مینز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں منگل کو سیڈ 2 اور عالمی نمبر 67 نور زمان نے کوئی گیم ہارے بغیر مد مقابل فرانس کے کھلاڑی میلو وی سیانی مانیکو کے خلاف 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے نور زمان نے اپنے حریف کے خلاف پہلا گیم 7-11 سے جیتا اور دوسرے گیم میں 9-11 سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرا گیم 8-11 سے اپنے نام کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
چیمپئن شپ میں شریک دوسرے پاکستانی کھلاڑی سیڈ 5 محمد حمزہ خان کو ملائشیا کے امیش نیرج چندرن نے 1-3 سے ٹھکانے لگا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
ملائشیا کے کھلاڑی نے پہلے دونوں گیمز 7-11 اور 9-11 سے جیتے، تیسرے گیم میں محمد حمزہ خان نے 7-11 سے کامیابی پا کر کھیل میں واپس آنے کی کوشش کی لیکن امیش نیرج نے چوتھا گیم 6-11 سے جیت کر فائنل فور میں قدم رکھ دیا۔
ایونٹ کے سیمی فائنل میں نور زمان کا مقابلہ امیش نیرج سے ہوگا جبکہ جمعرات کو فائنل کھیلا جائے گا۔