اسلام آباد میں موسلادھار بارش، مارگلہ پہاڑیوں سے آنے والے پانی سے ندی نالے بپھر گئے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں موسلادھار بارش، مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے پانی سے اسلام آباد کے ندی نالے بپھر گئے۔
چٹھہ بختاور، بھارہ کہو، چک شہزاد اور دیگر علاقے متاثر ہوئے، گھروں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، سامان کو نقصان پہنچا، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، بارش کے پانی سے گاڑیاں بھی ڈوب گئیں، متاثرہ علاقے میں پانی کی نکاسی تو ہوگئی مگر عوام کی مشکلات جوں کی توں رہیں۔
نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے مکینوں کو آمدورفت میں بھی شدید مشکلات ہوئیں، گزشتہ رات بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا، سپل ویز کھول دیئے گئے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے ندی نالوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مزید موسلادھار بارش کا امکان پیدا ہوگیا، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا، نیلم آزاد کشمیر میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے تمام سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، کیل سے تاؤ بٹ جانے والی سڑک بحال کردی گئی۔