بھارتی رویے کے باعث 11 سال سے سارک کا عمل جمود کا شکار ہے: صدر مملکت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کا رویہ مؤثر علاقائی تعاون میں بڑی رکاوٹ ہے، باہمی احترام اور تعاون سے خطہ زیادہ پرامن اور خوشحال ہوسکتا ہے۔

سارک چارٹر ڈے کی 40 ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے جنوبی ایشیائی ممالک کے عوام و حکومتوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اسلام آباد نے چوتھے اور 12 ویں سارک سربراہ اجلاس کی میزبانی کی، 2016 میں 19 واں اجلاس بھارت کی عدم شرکت کے باعث ملتوی ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 11 برس سے سارک کا عمل جمود کا شکار ہے، بھارت کا رویہ مؤثر علاقائی تعاون میں بڑی رکاوٹ ہے، خطے کی ترقی اور امن غیر ضروری طور پر تعطل کا شکار ہے، سارک کے متبادل نئے علاقائی فریم ورک پر غور بڑھ رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایران اور چین کی شمولیت سے علاقائی رابطہ کاری میں اضافہ ہوگا، پاکستان جامع تعاون پر مبنی علاقائی نظام کیلئے پُرعزم ہے، تجارت، ٹرانزٹ اور توانائی میں روابط کے فروغ کیلئے تیار ہیں، خطے کے مسائل مشترکہ ہیں اس لئے حل بھی مشترکہ ہونے چاہئیں، باہمی احترام اور تعاون سے خطہ زیادہ پرامن اور خوشحال ہوسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں