گوگل کے اے آئی چشمے جلد متعارف کرانے کی تیاری
نیویارک:(ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی گوگل آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے چلنے والے جدید چشمے متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے جن کے ذریعے کمپنی کا اے آئی اسسٹنٹ جیمینائی براہِ راست صارف کے سامنے ظاہر ہوگا۔
گوگل کے شہرام اِزادی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ کمپنی دو مختلف اقسام کے اے آئی گلاسز تیار کر رہی ہے، جنہیں روزمرہ استعمال کے چشموں یا سن گلاسز کی طرح پورا دن پہننے کے قابل بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی قسم کے ان اسمارٹ گلاسز میں اسکرین شامل نہیں بلکہ یہ بلٹ اِن اسپیکر، مائیکروفون اور کیمرے کے ذریعے جیمینائی سے قدرتی انداز میں رابطہ ممکن بناتے ہیں، صارف نہ صرف چیٹ کر سکتا ہے بلکہ تصاویر لے کر اسسٹنٹ سے فوری مدد بھی حاصل کر سکتا ہے۔
دوسری جانب چشموں میں ایک اِن لینس ڈسپلے شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے صارف کو ضروری معلومات نجی طور پر دکھائی جاتی ہیں مثلاً راستوں کی سمت، ترجمے کے کیپشن یا دیگر فوری معاونت وغیرہ۔
گوگل ان نئے گلاسز کی تیاری جینٹل مونسٹرز اور واربی پارکر کے تعاون سے کر رہا ہے، کمپنی کے مطابق پہلا ماڈل آئندہ برس کے آغاز میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔