لاہور: شہری کو چوری شدہ موٹر سائیکل کے ای چالان موصول
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ایک شہری کو اپنی چوری شدہ موٹر سائیکل کے ای چالان موصول ہو گئے۔
شہری کی موٹر سائیکل فروری 2024 میں چوری ہوئی تھی اور اس پر مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ پولیس اب تک موٹر سائیکل تلاش نہ کر سکی، مگر ای چالان گھر پہنچ گئے۔
شہری کو موصول ای چالان کے مطابق چوری شدہ موٹر سائیکل لاہور کی سڑکوں پر موجود ہے، پولیس پھر بھی چور کو پکڑنے میں ناکام ہے۔
دوسری جانب لاہور میں ٹریفک اصلاحات نے شہری زندگی پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں، موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم اور ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ کے نتیجے میں صرف 12 روز میں مہلک حادثات کی شرح میں 47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ٹریفک پولیس کے مطابق زیرو ٹالرنس پالیسی نے شہر میں ڈسپلن بہتر بنایا اور حادثات کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بغیر کسی تفریق کے کارروائی کی گئی اور 12 روز میں ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو مختلف خلاف ورزیوں پر چالان جاری کیے گئے، شہر بھر کے سگنلز پر میگا فون کے ذریعے آگاہی مہم بھی چلائی گئی تاکہ شہری قوانین کی پاسداری کریں۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین پر مکمل عمل ہی حادثات سے محفوظ رہنے کا واحد راستہ ہے۔