بنگلہ دیش: چیف ایڈوائزر کا انتخابات سے قبل مسلح افواج کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم
ڈھاکا: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے 12 فروری کے ریفرنڈم اور 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات کے پیشِ نظر مسلح افواج کو اعلیٰ ترین سطح پر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
آرمی ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقات کے دوران انہوں نے آئندہ انتخابات کو ملک کے جمہوری مستقبل کے لیے فیصلہ کن مرحلہ قرار دیتے ہوئے شفاف، آزاد اور پُرامن انتخابی ماحول کی اہمیت پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ عوام کے اعتماد کے تحفظ میں مسلح افواج کا کردار نہایت اہم ہے۔
چیف ایڈوائزر نے افواج سے غیر جانبداری، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے الیکشن کمیشن اور سول انتظامیہ کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کو ریاست کے مستقبل پر رائے دینے جبکہ انتخابات کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملے گا اور اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی عوامی اعتماد کو متاثر کر سکتی ہے۔