چین نے 22.13 کلومیٹر طویل شاہراہ سرنگ بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے ایک بار پھر جدید انفراسٹرکچر کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 22.13 کلومیٹر طویل شاہراہ سرنگ تعمیر کر کے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دیوہیکل سرنگ نہ صرف ایک نیا ریکارڈ ہے بلکہ اس نے سفر کے روایتی تصورات کو بھی بدل کر رکھ دیا ہے، وہ راستے جہاں پہلے خطرناک موڑ اور پیچیدہ پہاڑی سڑکوں کے باعث گھنٹوں درکار ہوتے تھے اب یہ فاصلہ چند ہی لمحوں میں طے کیا جا سکے گا۔
اگرچہ ناروے کی لیئرڈل سرنگ اب بھی 24.5 کلومیٹر لمبائی کے ساتھ دنیا کی طویل ترین سرنگ کا اعزاز رکھتی ہے تاہم چینی سرنگ کو تیز رفتار ایکسپریس ٹریفک کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں مسافر گاڑیوں اور بھاری ٹرکوں کی بلا تعطل آمد و رفت ممکن ہو گی۔
سرنگ کا بیرونی دہانہ بظاہر سادہ دکھائی دیتا ہے لیکن اس کے پیچھے انجینئرنگ کا ایک طویل اور پیچیدہ عمل کارفرما رہا، ماہر انجینئرز نے برسوں تک دونوں اطراف سے کھدائی کی، زاویوں اور سمتوں کو ملی میٹر کی سطح پر ناپا گیا، جہاں ممکن ہوا جدید ٹنل بورنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا جبکہ سخت چٹانوں کے مقام پر دھماکوں اور روایتی ڈرلنگ تکنیک سے کام لیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ چین کی تکنیکی مہارت اور انفراسٹرکچر میں تیزی سے ترقی کا واضح ثبوت ہے، جو نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ دے گا بلکہ خطے میں سفر کو بھی محفوظ اور آسان بنائے گا۔