شہری کو زنجیروں سے باندھ کر تشدد، چوکی انچارج لکھوکی معطل

لاہور: (دنیا نیوز) تین بار معطل ہونے والے چوکی انچارج ہلوکی عدنان ورک کو شہری پر بہیمانہ تشدد کرنے پر معطل کر دیا گیا۔

کاہنہ پولیس کی حراست میں زنجیروں سے جکڑے، چارپائی سے بندھے بغیر مقدمے کے شہری کی ویڈیو سامنے آ گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاہنہ کی پولیس چوکی لکھوکی میں شہری کو زنجیروں سے باندھا گیا۔

ذرائع کے مطابق شہری کو زنجیروں سے چارپائی کے ساتھ باندھ کر تشدد بھی کیا گیا، پولیس کے مطابق زنجیروں سے بندھے شہری کی شناخت مختار احمد کے نام سے ہوئی جس کا تعلق کیرکا گاؤں سے ہے۔

ذرائع کے مطابق مختار کو 5 روز سے حراست میں لے کر باندھ رکھا ہے، مختار پر چوری کا الزام ہے تاہم کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر افسران کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز ہو گیا، چوکی انچارج لکھوکی سب انسپکٹر عدنان ورک کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے سب انسپکٹر عدنان ورک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا اور ایس ایچ او کاہنہ اسد عباس کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے وضاحت طلب کر لی۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ چوکی کی سطح پر ملزم کو زیرِ حراست رکھنا خلافِ ضابطہ ہے، گرفتار ملزمان کو صرف متعلقہ تھانے میں ہی زیرِ حراست رکھا جا سکتا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے کہا کہغیر قانونی حراست پر چوکی انچارج کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، چوکی میں ملزم کی موجودگی پر غفلت برتنے والے اعلیٰ افسران سے بھی سخت جوابدہی ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں