بنگلادیش الیکشن: بی این پی رہنما کی ووٹ نہ دینے والوں کے گھر جلانے کی دھمکی

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے رہنما منظور الاحسن منشی نے پارٹی کو ووٹ نہ دینے والوں کے گھروں کو آگ لگانے کی دھمکی دے دی۔

کومیلا کے علاقے ڈیبیڈوار 4 حلقے سے بی این پی کے سابق امیدوار منظور الاحسن منشی کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ لوگوں کو کہہ رہے ہیں کہ ’اگر بی این پی اقتدار میں آئی اور تم نے کسی اور جماعت کو ووٹ دیا تو میں تم میں سے کسی کو نہیں چھوڑوں گا، ضرورت پڑی تو تمہارے گھر جلا کر راکھ کر دوں گا۔‘

منظور الاحسن منشی کو ووٹرز کو دھمکانے پر الیکشن انکوائری و جوڈیشل کمیٹی نے طلب کر لیا ہے۔

ادھر بی این پی نے معاملہ سامنے آنے کے بعد پارٹی پالیسی اور نظم و ضبط کے خلاف بیانات دینے پر منظور الاحسن منشی کو پارٹی سے نکال دیا ہے، کمیٹی نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ آج ذاتی طور پر پیش ہو کر تحریری وضاحت جمع کروائیں۔

دوسری جانب منظور الاحسن منشی نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں انہوں نے ذاتی مایوسی کے عالم میں اپنے قریبی رشتہ داروں کے سامنے اپنے ہی علاقے میں کی تھیں۔

ان کے مطابق ان کی تقریر کا آخری حصہ جان بوجھ کر ایڈٹ کر کے پھیلایا گیا، جبکہ ایک مخصوص گروہ انہیں متنازع بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ منظور الاحسن منشی کومیلا -4 حلقے سے بی این پی کے امیدوار تھے، تاہم قرض نادہندگی سے متعلق قانونی پیچیدگیوں کے باعث ایپلیٹ ڈویژن کے حکم پر ان کی امیدواری منسوخ کر دی گئی تھی، جس کے بعد بی این پی نے ان کی جگہ اس حلقے سے دوسرا امیدوار کھڑا کردیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں