مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی ضرورت ہے: احسن اقبال

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی اب کوئی انتخاب نہیں بلکہ ضرورت ہے.

وفاقی دارالحکومت میں احسن اقبال کا  قومی نصاب سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روایتی تعلیم سے کام نہیں چلے گا، اب پاکستان کو جدید پاکستان تعلیمی نظام سے استوار کرنا ہوگا، ہمیں اپنے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ 2014 میں جدید پاکستان کا جو سفر شروع کیا تھا اِسے اب اُڑان پاکستان کے ذریعے  منزل تک پہنچانا ہے ہمیں نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کا مقابلہ کرنے کے لیے ذہن سازی کرنی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی اب کوئی انتخاب نہیں بلکہ ضرورت ہے، ہمیں اپنے بچوں کو وہ سکلز دینی ہیں جو دنیا مانگ رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ٹریننگ پروگرام پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک اہم ذریعہ ہوتا ہے، لیڈرشپ تربیت، ویژن اور مسلسل سیکھنے کے عمل سےپ روان چڑھتی ہے، نو آبادیاتی نظام تعلیم ذہنی غلامی پیدا کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا، لیڈرجمود کا حصہ نہیں بنتا بلکہ وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کا علمبردار ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دنیا میں علم کے ضابطے تبدیل ہو چکے ہیں، پین لٹریسی کی جگہ ڈیجیٹل لیٹریسی نے لے لی ہے، نو آبادی نظام تعلیم لارڈ میکالے کے بقول اس کا مقصد رنگ و نسل میں مقامی مگر سوچ، فکر اور ثقافت میں انگریز پیدا کرنا تھا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ نئے نصاب سے طلبہ میں رٹہ کی بجائے تخلیقی سوچ اور سوال کرنے کا شعور پیدا کرنا ہے ، نصاب میں نئی معیشت کے تقاضوں کے ہنر کے ساتھ شہریت اور اخلاقیات لازم ہیں، نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کےلئے تیار کرنا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ قومیں اپنی مادری زبان کے ذریعے علم اور تحقیق کو فروغ دیتی ہیں،ہم نے انگریزی کو اشرافیہ کے تسلط کے لئے استعمال کیا ہے،نصاب کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی بجائے ملک کے طول و عرض کو سامنے رکھ کے بنانا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اقبال کو نصاب سے نکال کر قوم کو فکری انتشار میں دھکیل دیا گیا ہے، تحقیق، جستجو، تفکر اور تجرباتی علم پہ نصاب بنایا جائے، نئی نسل کو خود اعتمادی کے لئے اپنے قومی ورثہ اور شناخت کی پہچان دینا ضروری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں