مریم نواز پاکستان میں سیاحت کے دروازے کھولنے جا رہی ہیں: مریم اورنگزیب
بہاولپور:(دنیا نیوز) سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پاکستان میں پوری دنیا کیلئے سیاحت کے دروازے کھولنے جارہی ہیں۔
پنجاب کے ضلع بہاولپور میں ہونے والی21 ویں چولستان جیپ ریلی کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں بہترین ایونٹ کے انعقاد پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیرون ملک سے ریسرز یہاں آئے ہیں، یہی پاکستان کا اصل چہرہ ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب قلعہ دراوڑ میں بسنت منانے کا سوچ رہی ہیں، نواز شریف کو اس خطے سے بے حد پیار ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلی چولستان جیپ ریلی میں مریم نواز خود آئیں گی، وزیر اعلیٰ پاکستان میں پوری دنیا کے لیے سیاحت کے دروازے کھول رہی ہیں، بسنت کے چار دن بچوں کو اپنے ثقافتی میلوں سے جڑتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب بھر کے 160 مقامات کی بحالی کا کام کیا جائے گا، بھیرہ اور ٹیکسلا میں سیاحتی مقامات کی بحالی جاری ہے، چولستان سفاری اور صحرائی سیاحت کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ چولستان ریلی کے تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے کانسٹیبل بشیر احمد کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، تمام ریسرز ہم سب کے ہیروز ہیں، ریسرز کے لیے قانون سازی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ قانون بننے کے بعد اگلے سال ہی ریسرز قانونی طور پر محفوظ ہوں گے، پولیس کو ہدایت کرتی ہوں کہ جو بھی معاونت ممکن ہو فیصل شادی خیل کے ساتھ کی جائے۔