شدید دھند کے باعث متحدہ عرب امارات کا فلائٹ آپریشن متاثر

دبئی / ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں صبح کے اوقات میں شدید دھند کے باعث دبئی اور ابوظہبی کے متعدد علاقوں میں ڈرائیورز کو ان دنوں ’زیرو ویزیبلٹی‘ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس پر حکام نے سپیڈ کم رکھنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی۔

رپورٹس کے مطابق بعض شاہراہوں پر مرئیت صفر یا چند سو میٹر تک محدود رہی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور حادثات کے خدشات بڑھ گئے، حکام نے الیکٹرانک سائن بورڈز اور اسمارٹ الرٹس کے ذریعے موٹر سواروں کو رفتار کم رکھنے اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب دبئی اور شارجہ ایئرپورٹس پر بھی دھند کے اثرات دیکھے گئے، جہاں کچھ آمد و روانگی کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، ایئرلائنز نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی فلائٹس کی تازہ ترین صورتحال ضرور چیک کریں۔

موسمی حکام کے مطابق صبح کے اوقات میں درجہ حرارت میں کمی اور نمی میں اضافے کے باعث ساحلی اور اندرونی علاقوں میں دھند کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، جبکہ سورج نکلنے کے بعد بتدریج صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں، محتاط ڈرائیونگ کریں اور سفر سے قبل ٹریفک اور فلائٹ اسٹیٹس ضرور چیک کریں کیونکہ یہ سلسلہ چند دن مزید جاری رہ سکتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں