پشاور، ہنگو اور بنوں میں شدت پسندوں کے حملے ناکام، کانسٹیبل سمیت 7 افراد زخمی
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں امن دشمنوں نے وار کئے۔
پشاور، ہنگو اور بنوں میں شدت پسندوں کے حملے ناکام بنا دیئے گئے، پشاورمیں رات گئے بزدل شدت پسندوں نے 2 تھانوں اور پولیس چوکی پر حملے کئے جس میں کانسٹیبل سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ بڈھ بیر پرنامعلوم ملزموں کی جانب سے ہینڈ گرنیڈ پھینکا گیا، تھانہ متنی پر شدت پسندوں کا حملہ ناکام بنا دیا، تھانہ متنی کی چوکی سرہ خاورہ پر شدت پسندوں کے گرنیڈ حملے میں 6 شہری زخمی ہوگئے۔
پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ہنگو میں قاضی تالاب کے مقام پر پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی، پولیس کی جوابی کارروائی پر شدت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
بنوں میں تھانہ ڈومیل کی حدود میں واقع چوکی کاشو پل پرعسکریت پسند عناصر کا حملہ پسپا کردیا گیا، سی سی پی او کے مطابق فائرنگ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، پولیس الرٹ ہے اور اپنے فرائض پوری جانفشانی سے سرانجام دے رہی ہے۔