قومی ٹیم کا دورہ بنگلادیش، سکواڈ میں اہم تبدیلیاں متوقع

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے دورہ بنگلا دیش کے لیے تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے سکواڈ میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں اور سینیئر کھلاڑیوں کو سکواڈ سے باہر رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان ٹیم کے اگلے بڑے ٹورنامنٹ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ پر نظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے جس سے مستقبل میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2028ء کی تیاری بہتر ہو گی ذرائع کے مطابق کہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز نئے چہرے چننے کے حق میں ہیں تاکہ مستقبل کے لیے مضبوط پلان بنایا جا سکے۔

بنگلا دیش کے خلاف تین ون ڈے میچز 11، 13 اور 15 مارچ 2026 کو شیر بنگلا نیشنل سٹیڈیم ڈھاکا میں شیڈول ہیں اور پاکستان ٹیم کا سکواڈ 9 مارچ کو بنگلا دیش پہنچے گا، تاہم خطے میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر قومی ٹیم کا یہ دورہ متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر اعظم، صائم ایوب اور محمد نواز کو اس سکواڈ سے باہر رکھنے کا امکان ہے کیونکہ سلیکشن کمیٹی سکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کرنے پر غور کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اگرچہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹیم میں فوری تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی کیونکہ پاکستان کو اس فارمیٹ میں فی الحال کوئی سیریز نہیں کھیلنی، لیکن ون ڈے سیریز سکواڈ کے لیے کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کو باہر رکھنے اور کم فارم والے کھلاڑیوں کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں