عثمان ڈار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظوری کا تفصیلی فیصلہ جاری
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کو منظور کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے نو صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
فیصلہ میں لکھا گیا کہ درخواست گزار کا نام بغیر کسی وجہ بتائے اور نوٹس کے بغیر ای سی ایل میں ڈالا گیا، یہ اقدام آزادی کے خلاف ہے اور غیر قانونی ہے جس کی بنا پر درخواست گزار کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
عدالت نے حکم جاری کیا کہ درخواست گزار کا نام فوری ای سی ایل لسٹ سے نکالا جائے تاہم ٹرائل کورٹ میں درخواست گزار اپنی حاضری کو یقینی بناتا رہے جبکہ درخواست گزار دس لاکھ روپے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروائے۔
فیصلہ میں مزید لکھا گیا کہ درخواست گزار اگر قانونی راہ میں رکاوٹ بنے یا ضمانت کا ناجائز استعمال کرے تو متعلقہ اتھارٹی اسکا نام ای سی ایل لسٹ میں ڈال سکتی ہیں۔
واضح رہے عثمان ڈار نے نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔