سینیٹ اجلاس منگل کو طلب کرلیا گیا،54نکاتی ایجنڈا جاری

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سینیٹ کا اجلاس کل صبح 11:30 بجے طلب اور 54نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

 ایجنڈے  کے مطابق اجلاس میں کورنگی فش ہاربر اتھارٹی میں سنگین بے ضابطگیوں پر کمیٹی رپورٹ پیش کرنے کیلئے 60 دن کی توسیع کی تحریک، اسلام آباد میں البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے قیام کا بل پیش کیا جائےگا۔

اِسی طرح دانش یونیورسٹی اسلام آباد کے قیام کا بل ایوان میں پیش اور منظوری کیلئے پیش رفت، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ میں ترمیمی بل، آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 62، 153 اور 228 میں ترامیم سے متعلق بلز کمیٹی رپورٹس سمیت بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

فیملی کورٹس ایکٹ 1964 میں ترمیمی بل، نادرا آرڈیننس 2000 میں ترمیم کا حکومتی بل، موٹروے سے لاوری ٹنل تک خستہ حال سڑک پر کمیٹی رپورٹ، چترال میں ارندو اور گرم چشمہ روڈ کی تعمیر پر پیش رفت رپورٹ اورمالی سال27-2026 کیلئے پی ایس ڈی پی پر کمیٹی رپورٹس بھی ایوان میں پیش ہوں گی۔

قومی ہاکی ٹیم کو آسٹریلیا میں انتظامی مشکلات پر توجہ دلاؤ نوٹس، یو اے ای، عمان اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستانیوں کو ویزوں کے اجرا میں رکاوٹوں کا معاملہ، سول سرونٹس ایکٹ اور سروس ٹربیونلز ایکٹ میں ترامیمی بلز منظوری ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

درآمدات و برآمدات کنٹرول ایکٹ میں ترمیمی بل، گیس سیکٹر میں 3.2 ٹریلین روپے کے گردشی قرضے پر بحث کی تحریک، عالمی سرمایہ کاری رسک انڈیکس میں پاکستان 226 میں سے 222 ویں نمبر پر اور اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستوں کے تناسب پر ایوان میں بحث کی تحاریک بھی ایون میں پیش ہوں گی۔

یاد رہے سینیٹ رولز میں ترمیم، غیر جوابی سوالات اگلے دن منتقل کرنے کی تجویز بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں