گوہر اعجاز کا بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ برآمدات پر مبنی معیشت کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے، بڑھتا تجارتی خسارہ معیشت کے لیے بڑا خطرہ ہے جبکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے ۔
انہوں نے کہا جولائی سے فروری تک تجارتی خسارے میں 5 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے گذشتہ برس کے مقابلے میں ایکسپورٹس 1 ارب 50 کروڑ ڈالرز کم ہوچکی ہیں جبکہ اس دوران پاکستان کی درآمدات 3 ارب 50 کروڑ ڈالرز بڑھ گئی ہیں، ملکی معیشت کے لیے ایکسپورٹس انتہائی اہم ہیں۔
گوہر اعجاز نے کہا معاشی شرح نمو کو برآمدات پر مبنی کیا جائے تاہم ایکسپورٹس بڑھانے کے لیے معیشت کی رفتار کو بڑھایا جائے، ایکسپورٹس میں اضافے سے روزگار کے مواقع ملیں گے جبکہ ایکسپورٹس بڑھنے سے قرضوں پر انحصار میں کمی ہوگی۔
موجودہ حالات میں پائیدار اور طویل المدتی معاشی استحکام اہم ہے تاہم قومی اقتصادی سلامتی کے لیے ایکسپورٹس اولین ترجیح قرار دی جائے۔