امریکہ کا 5 ہزار فوجی جرمنی سے واپس بلانے کا فیصلہ غیر متوقع نہیں تھا، جرمنی
برلن: (دنیا نیوز) جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے 5 ہزار فوجیوں کو جرمنی سے واپس بلانے کا فیصلہ متوقع تھا۔
جرمن خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بورس پسٹوریئس نے کہا کہ یورپ خاص طور پر جرمنی میں امریکی فوجیوں کی موجودگی نہ صرف ہمارے بلکہ خود امریکہ کے مفاد میں بھی ہے۔
نیٹو کی ترجمان ایلیسن ہارٹ نے کہا کہ اتحاد امریکہ کے ساتھ مل کر اس فیصلے کی تفصیلات کو سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے، جرمنی میں اس وقت 36 ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں، جو یورپ میں امریکا کی سب سے بڑی فوجی موجودگی ہے، اٹلی میں 12 ہزار اور برطانیہ میں 10 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے اٹلی، سپین اور قطر کے وزائے خارجہ سے بھی امریکی فوجیوں کے انخلا کا عندیہ دے چکے ہیں، جبکہ گزشتہ برس رومانیہ میں بھی امریکی فوجی موجودگی میں کمی کی گئی تھی۔
یہ اقدامات ٹرمپ انتظامیہ کی اس پالیسی کا حصہ ہیں جس کے تحت یورپ کے بجائے انڈو پیسیفک خطے پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے، نیٹو ممالک میں اس فیصلے پر تشویش پائی جا رہی ہے، اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس سے اتحاد کی مجموعی طاقت متاثر ہو سکتی ہے۔