ایس آئی ایف سی کی بدولت آزاد کشمیر میں مائننگ لائسنسز کا اجراء بحال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری کے نتیجے میں پاکستان کے معدنی شعبے کی بحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

آزاد جموں و کشمیر میں تقریباً دو سال کی معطلی کے بعد کان کنی کے لائسنسز کا دوبارہ اجراء شروع کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مارچ 2024 سے معطل مائننگ لائسنسز کے اجرا کا عمل ایس آئی ایف سی کے سٹریٹجک اور مربوط اقدامات کے باعث دوبارہ فعال بنایا گیا، ایس آئی ایف سی کی مسلسل کاوشوں سے دیرینہ رکاوٹیں دور ہوئیں اور نئے مائننگ لائسنسز کے اجرا کی راہ ہموار ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری، تحقیق اور ترقیاتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، آزاد جموں و کشمیر کے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے خطے میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق مائننگ لیزز کی بحالی سے کاروباری ماحول میں بہتری آئے گی جبکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، پائیدار معاشی ترقی اور اصلاحاتی عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں