محرم میں سکیورٹی مزید مؤثر، پنجاب سیف سٹیز کا کیو آر پینک بٹن سسٹم متعارف
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پہلی بار کیو آر پینک بٹن سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
اس جدید نظام کے تحت صوبے بھر کی 4,500 سے زائد امام بارگاہوں کو ڈیجیٹل حفاظتی نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد اور بروقت رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب وژن کے تحت متعارف کرائے گئے اس نظام میں ہر امام بارگاہ پر کیو آر پینک بٹن نصب کیا جا رہا ہے، کیو آر کوڈ اسکین کرتے ہی صارف کے موبائل فون پر تین فوری رسپانس آپشنز، 15 ایمرجنسی کال، لائیو چیٹ اور ویڈیو کال دستیاب ہوں گے۔
کسی بھی آپشن کے انتخاب کے فوراً بعد رابطہ براہِ راست پنجاب سیف سٹیز کنٹرول روم سے قائم ہو جائے گا، جہاں موجود افسر صورتحال کا فوری جائزہ لے کر متعلقہ اداروں کو متحرک کریں گے اور بروقت پولیس رسپانس کو یقینی بنایا جائے گا۔
ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کیو آر پینک بٹن نصب کیے جا رہے ہیں، اور جیسے ہی کیو آر کوڈ اسکین کیا جائے گا، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو فوری اطلاع موصول ہو جائے گی۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جدید شہری سیکیورٹی کے رجحانات کے مطابق ایک اہم پیش رفت ہے، جہاں ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ پولیسنگ کو عوام کے تحفظ اور فوری امداد کی فراہمی کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔