لاہور میں موسلادھار بارش، لیسکو کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ
لاہور: (دنیا نیوز) شدید حبس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، جیل روڈ، اپر مال، مغل پورہ، تاجپورہ، چوک ناخدا، پانی والا تالاب، فرخ آباد، گلشن راوی، سمن آباد، شادی پورہ اور سگیاں سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سگیاں میں 40.2 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 39.2 ملی میٹر، چوک ناخدا میں 37.4 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 35 ملی میٹر اور فرخ آباد میں 17 ملی میٹر بارش ہوئی۔
مغل پورہ، سمن آباد میں 4.6، گلشن راوی میں 4.2، اپر مال میں 3، تاجپورہ میں 2.2، شادی پورہ اور جیل روڈ پر ایک، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث لیسکو کا بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث قلعہ گجر سنگھ، سمن آباد، والٹن روڈ، آر اے بازار، ہربنس پورہ، شالیمار، عامر ٹاؤن، باغبان پورہ، شاہدرہ اور اندرون لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔