دشمن کے پراکسی نیٹ ورکس کو پاکستان کے امن سے کھیلنے نہیں دیں گے: فیلڈ مارشل
اسلام آباد:(دنیا نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن کے پراکسی نیٹ ورکس کو پاکستان کے امن سے کھیلنے نہیں دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج بدلتی ہوئی جنگی نوعیت اور جدید تقاضوں کے مطابق اپنی حکمتِ عملی، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تیاری کو مسلسل جدید بنا رہی ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ اُنہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کی اعلیٰ معیار کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جو قومی سلامتی اور ریاستی اداروں کی مضبوطی کے لیے نہایت اہم ہے،انہوں نے جنگ کے بدلتے ہوئے انداز میں اسٹریٹجک وضاحت، مؤثر منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا کہ پاکستان دشمن خفیہ ایجنسیوں کی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی تمام کوششوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور دشمن کے پراکسی نیٹ ورکس کو ملک کے امن، استحکام اور معاشی ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری طاقت سے کچل دیا جائے گا، جبکہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور مکمل آپریشنل تیاری پر انہیں مکمل اعتماد ہے اور افواج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔