نماز کی پابندی نے زندگی بدل دی، ہمایوں سعید کا اہم انکشاف
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ باقاعدگی سے نماز ادا کرنے سے انہیں ذہنی سکون ملا ہے اور زندگی کو دیکھنے کا انداز بھی بدل گیا ہے۔
ہمایوں سعید نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے شوبز کیریئر، ذاتی زندگی اور روحانی سفر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی زندگی میں آنے والی مثبت تبدیلیوں کے بارے میں بتایا۔
اداکار کے مطابق وہ گزشتہ کئی برسوں سے دیگر لوگوں کی طرح کام، کامیابی اور آگے بڑھنے کی دوڑ میں مصروف تھے، جس کے باعث زندگی میں مقابلے کا احساس اور دباؤ بھی موجود رہتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اب باقاعدگی سے نماز ادا کرنے کی عادت نے ان کی زندگی میں نمایاں تبدیلی پیدا کی ہے۔ نماز کی پابندی سے انہیں اندرونی سکون حاصل ہوا ہے اور اب وہ پہلے کی طرح مقابلے یا پریشانی کا دباؤ محسوس نہیں کرتے۔
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ وہ اپنی موجودہ زندگی سے مطمئن اور خوش ہیں اور خود کو پہلے سے زیادہ پرسکون محسوس کرتے ہیں۔
اداکار کی اس گفتگو نے ایک بار پھر اس پہلو کو اجاگر کیا ہے کہ روحانی وابستگی اور عبادت بعض افراد کے لیے ذہنی سکون اور زندگی میں اطمینان کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments