ایتھلیٹکس فیڈریشن انتخابات تنازعہ، پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے عہدیداروں کو طلب

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایتھلیٹکس فیڈریشن انتخابات تنازعہ میں پی ایس بی بورڈ نے پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر وجاہت حسین سمیت دیگر عہدیداروں کو طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس بی بورڈ کا اجلاس 23 جنوری کو منعقد ہوگا جس میں صدر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے علاوہ شاہدہ خانم، حمیرا محمود اور طارق سدھو کو بھی پیش ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، اجلاس کے دوران ایتھلیٹکس فیڈریشن سے متعلق دائر اپیلوں پر فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے حق میں دیا گیا، حکمِ امتناع خارج ہونے کے بعد بلایا گیا ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے رِٹ پٹیشن مسترد کرتے ہوئے معاملہ پی ایس بی بورڈ کو بھجوا دیا تھا اور بورڈ کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپیلوں پر قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کرے۔

سلمان اقبال بٹ کے خلاف دائر اپیل بھی 23 جنوری کے اجلاس میں سنی جائے گی جبکہ کوچ سلمان بٹ کو بھی پی ایس بی بورڈ اجلاس کا باضابطہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس بی کے ایڈجوڈیکیٹر پہلے ہی پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے انتخابات کو غیر آئینی قرار دے چکے ہیں جس کے بعد یہ معاملہ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں