دنیا تیل 200 ڈالر فی بیرل خریدنے کیلئے تیار ہو جائے: ایرانی فوج

تہران: (دنیا نیوز) آبنائے ہرمز پر کنٹرول اور تیل کی سپلائی بحال کرانے کیلئے جنگ،، امریکا جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا جبکہ ایرانی فوج نے انتباہ کیا ہے کہ دنیا تیل 200 ڈالر فی بیرل خریدنے کیلئے تیار ہو جائے۔

ایرانی فوج کے مطابق تیل کی قیمت علاقائی سلامتی پر منحصر ہے جسے امریکا نے غیر مستحکم کیا، ایران توانائی کی فراہمی متاثر کر کے جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب میری ٹائم سکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق خلیجی پانیوں میں آج تین بحری جہاز میزائل حملوں کا نشانہ بنے، تھائی لینڈ کے پرچم بردار بلک کیریئر، جاپانی پرچم بردار کنٹینر جہاز اور مارشل آئی لینڈز کا بلک کیریئر جہاز شامل ہے، تھائی پرچم بردار جہاز پر آگ لگ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز میں مائنز بچھانے والی 16 ایرانی کشتیاں تباہ کر دیں: سینٹ کام کا دعویٰ

ایرانی فوج کا کہنا ہے آبنائے ہرمز میں اسرائیلی ملکیتی جہاز سمیت دو جہازوں کو فائرنگ کرکے روک دیا گیا، ایک لٹر تیل بھی گزرنے نہیں دیں گے، دنیا تیل دو سو ڈالر فی بیرل خریدنے کیلئے تیار ہو جائے۔

ایرانی فوجی کمانڈر کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے ہر جہاز کو جائز ہدف سمجھا جائے گا، امریکی بحریہ نے خلیج سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا ہے، خلیج میں 700 کلومیٹر تک کوئی امریکی جہاز موجود نہیں۔

ایرانی فوج کے مطابق ہمارے پاس امریکی جہاز بردار بیڑے کو ڈبونے کا خاص منصوبہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکا، اسرائیل سے منسلک اقتصادی اور بینکنگ مراکز کو نشانہ بنانے کا اعلان

دوسری جانب امریکا نے گزشتہ شب مائنز بچھانے والی 16 کشتیاں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے، ایران نے بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کی تو مزید کارروائیاں کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی طرف سے آبنائے ہرمز میں مائنز بچھانے کی رپورٹ نہیں، اگر مائنز بچھائی ہیں تو فوری طور پر ہٹا دیں۔

صدر ٹرمپ نے خبر ایجنسی کو انٹرویو میں کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہو جائے گی، جنگ بہت حد تک اپنے اہداف تک پہنچ چکی ہے، ایران میں نشانہ بنانے کیلئے اب کچھ نہیں بچا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں