وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔

انسداد دہشت گردی اسلام آباد میں علی امین گنڈا پور کی تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں جاری وارنٹ گرفتاری کی معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

علی امین گنڈا پور نے عدالت کے سامنے سرنڈر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری مصروفیات کے باعث عدالت میں حاضر نہیں ہوسکا۔

دوران سماعت وزیراعلیٰ کے پی نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں جاری وارنٹ کی معطلی کی درخواست دائر کی تھی۔

پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے: علی امین گنڈاپور
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، چھوٹی سی بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے پوری پارٹی متحرک ہے، عدلیہ سے پوری امید ہے انشا اللہ بانی پی ٹٰی آئی کی رہائی ہوگی۔

علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ثابت کیا ہماری پارٹی آئین کے مطابق چلنے والی پارٹی ہے، ان کے کپڑوں میں کرپشن کے جتنے سوراخ ہیں ان کو جلد پتا چل جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں