خواتین کو اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی اور ناانصافی پر آواز اٹھانی چاہئے، حنا پرویز بٹ

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے خواتین کو اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی اور ناانصافی پر آواز اٹھانی چاہئے۔

چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے لمز یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا خواتین کو معلوم ہونا چاہئے انکے حقوق کیا ہیں، خواتین پر گھریلو تشدد کسی صورت بھی قبول نہیں، اسکی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرنی پڑے گی، ملتان میں ثانیہ زہرا کا کیس میرے لئے بہت افسوسناک تھا، مجھے دکھ ہوتا ہے کہ خواتین کس قسم کے مسائل سے گزر رہی ہیں۔

حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا دس دنوں میں پنجاب کے مختلف اضلاع کے وزٹ کئے جہاں خوفناک قسم کے کیسز دیکھنے کو ملے، ایلیٹ کلاس کا لائف سٹائل اور ہے لیکن عام خاتون کی زندگی مکمل مختلف ہے، خواتین کو اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی پر بلاخوف شکایت درج کروانی چاہئے، ہم ہر صورت انکو انصاف فراہم کرینگے۔

چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا مزید کہنا تھا مسلم لیگ (ن) نے 2016 میں ویمن پروٹیکشن قانون بنایا لیکن اسکے بعد کی حکومت نے اس قانون کے رولز نہیں بنائے، مریم نواز کی حکومت جلد اس قانون کے رولز بنانے جا رہی ہے، مریم نواز نے واضح کہا خواتین میری ریڈ لائن ہیں، خواتین کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں