پی ٹی آئی احتجاج میں گنڈا پورغائب ، بشریٰ’ سلطانہ ڈاکو‘ کا کردار ادا کر رہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ احتجاج کے دوران علی امین گنڈا پور غائب ہوچکے ہیں جبکہ بشریٰ بی بی’ سلطانہ ڈاکو‘ والا کردار ادا کررہی ہیں۔

ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج تحریک فساد کا دوسرا روز ہے ، اب تک پولیس کے 70افراد شدید زخمی ہیں، مظاہرے میں پولیس کانسٹیبل مبشر شہید ہوا ہے،اٹک میں پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، کٹی پہاڑی کے قریب کانسٹیبل واجد کو گردن میں گولی لگی، 5اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی پٹھانوں کو اکسارہی ہیں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے بچےاحتجاج کیلئے باہر کیوں نہیں آئے؟ تحریک انصاف نو مئی پارٹ ٹو چاہتی ہے ، یہ لاشوں کی سیاست کررہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا غائب ہو گیا ہے ، علی امین گنڈا پور سستے سلطان راہی ثابت ہوئے، بشریٰ بی بی احتجاج کو اسلامی ٹچ دے رہی ہیں اور اوپر سے مذہب کا تڑکا لگا رہی ہیں، وہ کون سی شریعت چاہتی ہیں، بشریٰ بی بی‘سلطانہ ڈاکو‘ کا کردار ادا کررہی ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نےکہا کہ وزیر اعلیٰ نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر مسلح رہیں ، ایک طرف ریاست پر حملہ دوسری طرف مذاکرات کا کہہ رہے ہیں ،یہ سروں کو ٹارگٹ کررہے ہیں ، یہ طریقہ طالبان کا ہے، کوئی پاکستانی ان کے احتجاج کو پرامن نہیں کہہ سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی پر ان کو سزا دینا ہمارا حق ہے، پی ٹی آئی کی موجودگی میں ملک کا بھلا نہیں ہوسکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں