پی ٹی آئی احتجاج: جڑواں شہروں میں آج دوسرے روز بھی تعلیمی ادارے بند
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج بھی تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے آج بھی بند ہیں، اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال پر تعلیمی ادارے بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بھی ضلعی انتظامیہ نے آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق امن وامان کی صورتحال کے پیش نظرکل تمام سرکاری اور نجی سکول بند رہیں گے، تعلیمی اداروں کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اسلام آباد میں راستوں کی بندش کی صورتحال برقرار ہے اور راولپنڈی کو اسلام آباد سے ملانے والے راستےدوسرے روز بھی بند ہیں۔