پی ٹی آئی احتجاج: اسلام آباد آنیوالے تمام راستے آج بھی بند، جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ معطل

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب اسلام آباد آنیوالے تمام راستے آج بھی بند ہیں جبکہ جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کے چائنہ چوک اور ڈی چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

سیکرٹری داخلہ نے ڈی چوک کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا، کل دن بھر مختلف مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئيں۔

احتجاج کے با‏عث راولپنڈی اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش ہے، اسلام آباد آنے والے تمام راستے بند ہیں اور میٹرو بس سروس معطل ہے جب کہ جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ کی فراہمی بھی جزوی معطل ہے۔

کٹی پہاڑی پر پولیس سے مڈ بھیڑ ہوئی جہاں کارکن رکاوٹیں عبور کرکے آگے نکل گئے جب کہ پولیس نے کارکنوں پر شیلنگ بھی کی، ہکلہ انٹرچینج کے مقام پر کارکنوں نے سڑک کنارے جھاڑیوں کو آگ بھی لگائی۔

دوسری جانب لاہور شہر سے دیگر علاقوں کو جانے والے راستے بھی بند ہیں لیکن شہر کے اندر معمولات زندگی رواں دواں ہے۔

سکھر ملتان موٹروے بھی بند ہے جبکہ جی ٹی روڈ بھی لالہ موسی، کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے مقامات پر بدستور بند ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں