غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے پہلی بار وسل بلوور مہم کا آغاز
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب وائلڈ لائف نے غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے پہلی بار وسل بلوور مہم کا آغاز کر دیا۔
شہریوں کو غیر قانونی شکار کی اطلاع دینے پر سرکاری سطح پر انعامات دیے جائیں گے، درست معلومات فراہم کرنے والے وسل بلوور کو کامیاب کارروائی کے بعد نقد انعام دیا جائے گا۔
گریٹ انڈین بسٹرڈ کی اطلاع پر ایک لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے، اڑیال اور ہرن کے غیر قانونی شکار کی اطلاع دینے پر پچاس ہزار روپے انعام رکھا گیا ہے۔
ہوبارا بسٹرڈ کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے پر 25 ہزار روپے ملیں گے، جال بچھانے اور رات کے وقت تیتر کے شکار کی نشاندہی پر 10 ہزار روپے انعام مقرر ہوا ہے۔
مور، بٹیر اور آبی پرندوں کے غیر قانونی شکار کی اطلاع پر بھی 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے، تیتر اور جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکار کی نشاندہی پر 5 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
عوامی شمولیت کے بغیر غیر قانونی شکار کی روک تھام ممکن نہیں، حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مہم میں بھرپور حصہ لیں۔