گل پلازے کا حادثہ بڑا، کولنگ پراسیس میں 3 سے 4 دن لگ سکتے ہیں: چیف فائر آفیسر

کراچی: (دنیا نیوز) چیف فائر آفیسر نے کہا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر گل پلازے میں آتشزدگی کا حادثہ بہت بڑا ہے، کولنگ پراسیس میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے کہا کہ فائرفائٹنگ اورریسکیو کا عمل جاری ہے، پلازے میں تقریباً 2ہزارسے زائد دکانیں موجود ہیں، ہمیں رات10بجکر27منٹ پر آگ کی اطلاع ملی، پورے کراچی سے 14گاڑیاں،3اسنارکل اور2باؤزر یہاں پہنچے۔

ہمایوں خان نے واضح کیا کہ ہم نے آگ پر کافی حد تک قابو پالیا تھا، پھرز پلازے کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوا جس میں ایک فائرفائٹر بھی ملبے تلے دب گیا ، کولنگ کے پراسیس میں 3سے4دن لگ سکتے ہیں، اطلاع ملنے کے بعد 2منٹ کے اندر آگ بجھانے والی گاڑی روانہ کرد ی جاتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ حادثہ بڑا ہے، لہٰذا اس کو کنٹرول کرنے میں وقت لگے گا، یہ پورا شاپنگ پلازہ پونے دوایکڑ پر محیط ہے، ہمارا ایک فائرفائٹر لوگوں کو ریسکیو کرنے کیلئےاندرموجود تھا، ہمارے ایک فائرفائٹر نے لوگوں کو ریسکیو کرنے کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ کی نوعیت دیکھ کر ہی اس کو تیسرے درجے کی ڈکلیئر کردیا تھا، ہم اپنے فائرفائٹر کو بھی ریکور کررہے ہیں، پوری رات آ گ کی مانیٹرنگ کرتے رہے، یہاں سے آدھے سے زیادہ لوگ چلے گئے، فائر بریگیڈ اب تک یہاں موجود ہے۔

چیف فائر آفیسر نے کہا کہ کوشش ہے آگ کی آخری چنگاری کو ٹھنڈا کریں، آگ بجھانے کے بعد آڈٹ ہوگا اورتمام چیزیں سامنے آئیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں