پشاور: رمضان پیکج کے تحت رقوم کی تقسیم آج سے شروع

پشاور: (دنیا نیوز) رمضان پیکج کے تحت رقوم کی تقسیم آج سے شروع ہو گی تاہم مستحق افراد کی فہرستیں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔

پیکج کے تحت فی خاندان کو 12 ہزار 500 روپے ملیں گے، رمضان پیکج کے لیے صوبائی حکومت نے 13 ارب روپے مختص کئے ہیں، جبکہ محکمہ خزانہ نے سوشل ویلفیئر کو فنڈ بھی جاری کر دیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق 10 لاکھ 16 ہزار 394 افراد کو رمضان پیکج دیا جائے گا، ضلعی سطح پر رمضان پیکج تقسیم کرنے کا اختیار ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو دیا گیا ہے۔

 

یہ پیکج صوبے کے 35 اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا، یتیم، بیوہ عورتیں اور معذور افراد رمضان پیکج لینے کے لیے مستحق ہیں جبکہ عارضی طور پر بے گھر افراد کو بھی رمضان پیکج دیا جائے گا۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں سب سے زیادہ 1 لاکھ 8 ہزار 500 افراد کو رمضان پیکج دیا جائے گا، جبکہ سوات میں 67 ہزار 500، مردان میں 60 ہزار 486 اور چارسدہ میں 40 ہزار سے زائد افراد کوپیکج دیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ رمضان پیکج ملنے والوں کو موبائل فون پر پیغام موصول ہوگا، رمضان پیکج کسی بھی دکان پر حاصل کیا جاسکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں