رانا ثنا اللہ کی اپوزیشن کو وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالی بریفنگ میں شرکت کی دعوت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی صورتحال کے پیش نظر رانا ثنا اللہ نے اپوزیشن کو وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی بریفنگ میں شرکت کی دعوت دے دی۔
وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کی قیادت میں ایک وفد نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجا ناصر عباس سے اپوزیشن لیڈر چیمبر میں ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والی اہم بریفنگ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے اس حوالے سے اپنی اپنی جماعتوں سے مشاورت کے لیے وقت طلب کیا اور کہا کہ مشاورت مکمل ہونے کے بعد اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
.jpg)
ملاقات کے موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے اور تمام اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے قومی سلامتی کے لیے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی اور علاقائی صورتحال پر غور و خوض کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کل طلب کر رکھا ہے۔
وزیراعظم کے سیاسی مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ کے مطابق پارلیمانی لیڈرز کے اس اِن کیمرا اجلاس میں محمود خان اچکزئی کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے کل صبح ساڑھے گیارہ بجے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور پارلیمانی لیڈرز کو شرکت کی دعوت دی ہے، جہاں خطے کی تازہ صورتحال اور ایران پر ہونے والے حملے کے تناظر میں بریفنگ دی جائے گی۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اپوزیشن رہنماؤں اور مختلف جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے اور ان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی سیاست سے بالاتر ہو کر قومی معاملات پر سنجیدگی سے مشاورت کریں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے کل پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کا بند کمرے میں اجلاس بلا لیا:اعظم نذیر تارڑ
اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کے بعد رانا ثنااللہ اور طارق فضل چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کل ساڑھے گیارہ بجے تمام پارٹی ہیڈز اور پارلیمانی لیڈرز کو مدعو کیا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور ایران پر جو اٹیک ہوا ہے اس پر بریفنگ کے لئے سب کو دعوت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اپوزیشن لیڈران اور پارٹی ہیدز کو دعوت دینے آئے ہیں، ہم نے ان سے بات چیت کی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ذاتی اور جماعتی سیاست سے بالاتر ہو کر مشورے کی ضرورت ہے۔