فضل الرحمان کی ایرانی سفیر سے ملاقات، خامنہ ای کی شہادت پر اظہار افسوس

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان ایرانی سفارت خانے پہنچ گئے اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔

دورانِ ملاقات مولانا فضل الرحمان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ا ور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔

اُنہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ایران پر امریکی صہیونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، صیہونت اور یورپ گٹھ جوڑ نے پہلے فلسطین پر قبضہ کیا، اب بھی وہاں شدید تناؤ اور لمبی جنگ سے گزر رہے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حماس کی مضبوط حمایت پر ایران کے خلاف جنگ کی دوسری قسط شروع کی گئی، بیہودہ قسم کے الزامات لگا کر اِن حملوں کا جواز پیش کر رہے ہیں، ایران اس وقت صرف اپنا نہیں بلکہ فلسطین کا بھی دفاع کر رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالمِ اسلام کو باہمی اتحاد کی ضرورت ہے، مشکل وقت میں ایران کے شانہ بشانہ ہیں، اُمتِ مسلمہ باہم دست و گریباں ہونے کی بجائے صیہونیت کا مقابلہ کرے، امریکہ انسانیت کا دشمن ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ انسانی قاتل اور مجرم کی سربراہی میں قیام امن کی کوششیں امن کے نام پر دھبہ ہیں، ہمارے حکمرانوں کی ٹرمپ جیسے قاتل سے امن کی امید رکھنا سوالیہ نشان ہے۔

دوسری جانب اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاک ایران تعلقات پر مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی کے کردار کو سراہتے ہیں، فتح عالم اسلام کی ہو گی، آپ کی آمد ہمارے لئے اطمینان کا باعث ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں