وزیراعظم سے سہیل آفریدی کی ملاقات، خیبرپختونخوا میں امن و امان اور مالی معاملات زیرِ غور
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی ملاقات شروع ہو گئی، ایک گھنٹے سے ملاقات جاری ہے، خیبرپختونخوا کی صورتحال زیرِ غور ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے کے پی ہاؤس سے وزیراعظم کے دفتر پہنچے، خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر صوبائی تحفظات سے آگاہ کیا۔
مشیر خزانہ کے پی کے مزمل اسلم بھی ملاقات میں شامل ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور رانا ثنااللہ بھی ملاقات میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے میں امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف اہم معاملات پر وزیر اعظم سے بات چیت کریں گے، ملاقات میں تیراہ آپریشن، صوبے اور وفاق کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے اور باہمی رابطوں کے امور زیر بحث آئیں گے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی وفاق کے ذمے واجب الادا بقایاجات کا معاملہ بھی وزیر اعظم کے سامنے اٹھائیں گے، ضم شدہ اضلاع کے عوام کو درپیش مشکلات سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ملاقات سے قبل اہم امور پر متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کے پی کو ملاقات کے لیے دعوت دی تھی۔