مشرق وسطیٰ میں ثالثی: سعودی، مصری اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جنگ بندی کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچ گئے، سعودی وزیر خارجہ بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترکیہ کے وزیر خارجہ حقان فیدان سے دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور ترکیہ نے مضبوط دوطرفہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

اس ملاقات میں خطے کی صورتحال اور ایران سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی، دونوں ممالک کا کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری پر زور دیا، وزرائے خارجہ نے امن و استحکام کے لیے قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا، پاکستان اور ترکیہ کا علاقائی امن کے لیے مؤقف مشترکہ ہے۔

خیال رہے کہ مشرق وسطیٰ تنازع پر ثالثی کیلئے آج اسلام آباد میں بڑی بیٹھک ہوگی، پاکستان، سعودی عرب، ترکیے، مصر کے رہنما قیام امن کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں گے، اجلاس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

ترک وزیر خارجہ حقان فیدان، مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بعد میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملیں گے۔

علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے  ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی پر رابطہ کرکےعاقائی صورتحال اور تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے حالیہ عرصے کے دوران خود کو ایران اور امریکا کے درمیان ایک سفارتی ثالث کے طور پر پیش کیا ہے، کیونکہ پاکستان کے ایران کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں جبکہ خلیجی ممالک کے ساتھ بھی قریبی روابط ہیں، اسی لیے پاکستان اس تنازعے میں سفارتی کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں