جنوبی وزیرستان میں پہلی بار خاتون ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل کی رکن مقرر

جنوبی وزیرستان :(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔

 سماجی کارکن رضیہ محسود 17 رکنی ڈی آر سی میں شامل ہونے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں جسے خواتین کی نمائندگی اور انصاف تک رسائی کے حوالے سے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان ریجن نے ڈی پی او ارشد خان کی سفارش پر 17 رکنی ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل تشکیل دی، جس میں رضیہ محسود کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ان کی تقرری کو قبائلی اضلاع میں خواتین کی فیصلہ سازی کے عمل میں شمولیت اور متبادل تنازعاتی حل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سماجی، عوامی اور قبائلی حلقوں نے رضیہ محسود کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے صنفی شمولیت، خواتین کے کردار کے فروغ اور مقامی سطح پر انصاف کی فراہمی کے نظام میں خواتین کی مؤثر نمائندگی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار  دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں