حجاج اور حج کا امن ریڈ لائن ہے : سعودی وزارتِ داخلہ

ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی وزارتِ داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حج اور حجاج کے امن کو متاثر کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، حجاج اور حج کا امن ریڈ لائن ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ میں وزارتِ اطلاعات کے میڈیا سینٹر میں حج کے پہلے دن پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اب تک 160 فرضی حج خدمات کے اداروں کو سیل کیا گیا، 6135 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حج کا پہلا مرحلہ بخیر و خوبی مکمل ہو گیا، عازمین حج کی منیٰ منتقلی کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق انجام دیا گیا۔

واضح رہے کہ حج کے رکن اعظم کی ادائیگی کیلئے دنیابھر سے آئے لاکھوں عازمین میدان عرفات میں پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے اور خطبہ حج سنیں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں