نیتن یاہو کا حزب اللہ کیساتھ جنگ کا عندیہ، کویتی شہریوں کا لبنان سے انخلاء شروع

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ کے بعد لبنان میں جنگ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا جبکہ کویت نے لبنان سے اپنے شہریوں کا انخلاء شروع کر دیا ہے۔

نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس کے ساتھ شدید جنگ کا دور گزر گیا، اب لبنان بارڈر پر توجہ مرکوز کریں گے، غزہ میں جنگ کا خاتمہ نہیں چاہتا البتہ رفح میں آخری مراحل چل رہے ہیں، یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حماس سے بات چیت کو تیار ہوں، حزب اللہ سے امن معاہدہ ہماری شرائط کے تحت ہی ممکن ہے۔

دوسری جانب کویت نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر لبنان سے اپنے شہریوں کا انخلاء شروع کر دیا ہے اس حوالے سے کویتی بحری جہاز گزشتہ روز لبنان میں موجود شہریوں کے انخلاء کیلئے روانہ کر دیا گیا، ایک دن پہلے ہی کویت نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔

کویتی وزارتِ خارجہ نے اپنے شہریوں کو تلقین کی ہے کہ خطے میں سکیورٹی کی مسلسل پیشرفت اور بدلتے ہوئے حالات کی وجہ سے اس وقت لبنان جانے سے گریز کریں، لبنان میں موجود جن شہریوں کو وہاں رکنے کی فوری ضرورت نہیں وہ بھی جلد ازجلد نکل جائیں۔

دوسری جانب کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان فوجی کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے جس کے پیشِ نظر کویت ایئرویز نے لبنان سے شہریوں کو نکالنے کیلئے پہلا طیارہ بھیجا ہے، لبنان سے شہریوں کی واپسی کیلئے "ہوائی پل" قائم کرنے میں تعاون پر متعلقہ حکام کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں